وزیراعظم ریلیف اسکیم کی توسیع: اب پانچ لیٹر سے کم پیٹرول پر بھی ملے گی سبسڈی
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں چلنے والی خصوصی ریلیف اسکیم کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ اب وہ لوگ بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے جو کم مقدار میں پیٹرول ڈلوا کر اپنی موٹر سائیکل، چنگ چی یا رکشہ چلاتے ہیں۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اب پانچ لیٹر سے کم پیٹرول خریدنے والے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو بھی فی لیٹر سو روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ اس بنیاد پر انہیں ہفتہ وار پانچ سو روپے کی فوری رعایت ملے گی۔ یہ قدم شہریوں کی طرف سے آنے والی تجاویز اور آراء کو سامنے رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے تاکہ کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کے افراد کو آسانی سے ریلیف پہنچایا جا سکے۔
آٹھ سو سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پرانا طریقہ کار برقرار رہے گا۔ وہ دس لیٹر کے تین ٹوکنز کے ذریعے ہر دس دن بعد دس لیٹر پیٹرول پر سو روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کرتے رہیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے یکم جنوری دو ہزار چھ کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی اس اسکیم میں شامل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس فیصلے سے بیس سال پرانی سواریوں کے مالکان بھی اس ریلیف سے محروم نہیں رہیں گے۔
یہ اسکیم آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت کے تمام اہل شہریوں کے لیے دستیاب ہے۔ حکومت نے شہریوں کی آسانی کے لیے 9771 پر بھیجے جانے والے رجسٹریشن ایس ایم ایس کو مکمل طور پر مفت کر دیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں